فیس بک نے اپنے ایپلی کیشن سے اہم فیچر ختم کرنے کا اعلان کر دیا

سماجی رابطوں کے معروف ترین پلیٹ فارم فیس بک نے اپنے ایپلی کیشن سے نیوز ٹیب کو ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کے ذیلی پلیٹ فارم فیس بک کے لیے یہ نیوز ٹیب 5 سال قبل 2019 میں شروع کیا گیا تھا، جس کے لیے لاکھوں ڈالرز مالیت کا معاہدہ بھی کیا گیا تھا، تاہم گزشتہ سال سے فیس بک نے برطانیہ، جرمنی اور فرانس میں اس فیچر کو بند کرنے کا اعلان کردیا تھا۔

کمپنی کی جانب سے تازہ اعلان میں بتایا گیا ہے کہ اب اس نیوز ٹیب فیچر کو آسٹریلیا اور امریکا میں بھی بند کیا جا رہا ہے۔ میٹا کے مطابق اس فیصلے کی وجہ یہ ہے کہ صارفین کی جانب سے اس کا استعمال انتہائی حد تک کم ہو چکا تھا۔ امریکا اور آسٹریلیا میں اس فیچر کے صارفین کی تعداد میں 80 فی صد کی غیر معمولی اور غیر متوقع کمی سامنے آئی ہے

کمپنی کی جانب سے یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ نیوز ٹیب بند کرنے کا فیصلہ، اس فیچرز سے متعلق کیے گئے معاہدوں کو متاثر نہیں کرے گا اور میعاد پوری ہونے تک کمپنی اس کی پاسداری کرے گی۔