پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے قومی ٹیم کی سلیکشن کے لیے نئی 7 رکنی کمیٹی بنا دی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے 7 رکنی نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کردیا، جس میں محمد یوسف، عبدالرزاق، وہاب ریاض اور اسد شفیق شامل ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی کو ری اسٹرکچر کیا ہے، نئی سلیکشن کمیٹی 7 ممبران پر مشتمل ہوگی، نئی چیز یہ ہے کہ اب سلیکشن کمیٹی کا کوئی چیئرمین نہیں ہوگا، سلیکشن کمیٹی میں قومی ٹیم کا کپتان اور ہیڈ کوچ بھی شامل ہوگا۔

محسن نقوی نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی ازسر نوتنظیم کی ہے، تمام 7 ارکان کے پاس یکساں پاور ہوگی، کاکول میں 2 ہفتوں کے لیے کیمپ لگانے جارہے ہیں، سلیکشن کمیٹی ہر فیصلے کو حتمی شکل دے گی۔

چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ محمد یوسف، وہاب ریاض، عبدالرزاق اور اسد شفیق سلیکشن ٹیم کا حصہ ہیں، کوچز کی بھی ڈریم ٹیم ملے گی، کوچز کے حوالے سے معاملات حتمی مراحل میں ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کرکٹ بورڈ کا پیسہ کرکٹ کی بہتری پر لگاؤں گا، حارث رؤف کا کنٹریکٹ بحال کردیا ہے، آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز نہ کھیلنے پر حارث رؤف کا کنٹریکٹ ختم کیا تھا۔

محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ ایسے اقدامات کریں گے جن کا اثر 5 سال بعد نظرآئے گا، ایک کوچ سے بات چل رہی تھی میڈیا کی وجہ سے وہ بھاگ گیا، کپتان اور کوچز کا فیصلہ بھی سلیکشن کمیٹی کرے گی۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ چیمپئنزٹرافی پاکستان میں ہوگی، اس کے لیے سب کچھ کررہے ہیں، سب کا خیال ہے ٹیم مضبوط ہونا ضروری ہے، ہماری عماد وسیم سے ون پوائنٹ ایجنڈے پر بات ہوئی ہے، کسی قسم کے این او سی پر بات نہیں ہوئی، آئی سی سی کی ٹیم آج پاکستان پہنچ رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بورڈ میں پیرا شوٹرز کی گنجائش نہیں، شاہین آفریدی کپتان رہیں گے یا نہیں، کیمپ کے بعد فیصلہ ہوگا، کرکٹ کو سیاست سے الگ رکھیں تو بہتر ہے، پی ایس ایل بائیکاٹ کی باتیں ملک کے لیے مناسب نہیں، محمد عامر کی ٹیم میں شمولیت کا فیصلہ سلیکشن ٹیم کرے گی۔