حکومت پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کشمیر میں 70 میگا واٹ کے ہائیڈرو پاور سٹیشن بنائے جانے پر اتفاق

وزیر اعظم شہباز شریف نے اقتصادی معاہدوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان اور ایس ایف ڈی کے مابین پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں دس کروڑ اور سات لاکھ ڈالر مالیت کے ہائیڈرو پاور سٹیشن بنائے جانے کا اتفاق ہوا ہے۔

وزارت اقتصادی امور کے مطابق جمعے کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان 70 میگا واٹ کے ہائیڈروپاور منصوبوں پر دستخط ہو گئے ہیں جس کا وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی خیر مقدم کیا۔

وزیر اعظم کے دفتر سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سعودی ڈیویلپمنٹ فنڈ (ایس ایف ڈی) کے ایک وفد نے پاکستان کے دورے کے دوران وزیر اعظم سے اسلام آباد میں آج ملاقات کی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اقتصادی معاہدوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان اور ایس ایف ڈی کے مابین پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں دس کروڑ اور سات لاکھ ڈالر مالیت کے ہائیڈرو پاور سٹیشن بنائے جانے کا اتفاق ہوا ہے۔

بیان کے مطابق ان معاہدوں کے باعث نہ صرف صاف توانائی کی فراہمی بلکہ جنگلات کے کٹاؤ کو روکنا اور مقامی افراد کو ملازمت فراہم کرنے کا موقع ملے گا۔

وزیر اعظم نے ایس ایف ڈی کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ نئے منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ضرورت ہے۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ تکمیل کے بعد ان منصوبوں کی بدولت ملک کی معاشی بحالی ممکن ہوسکے گی اور مقامی افراد کی ضرورتیں پوری ہوں گی۔

ایس ایف ڈی کے چیف ایگزیکٹو افسر نے منصوبوں کی جلد تکمیل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ شاہی خاندان کی زیر قیادت سعودی عرب پاکستان کو ہر ممکن حمایت اور مدد فراہم کرے گا۔

ایس ایف ڈی وفد کی قیادت ایس ای او سلطان بن عبدالرحمٰن المرشد نے کی۔دوسری جانب وزارت اقتصادی امور کے اعلامیے کے مطابق ایس ایف ڈی کے وفد نے وزیر اقتصادی امور احد چیمہ سے ملاقات کی۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ سیکریٹری اقتصادی امور اور سی ای او ایس ایف ڈی نے مالیاتی معاہدوں پر دستخط کیے۔ان معاہدوں میں 48 میگاواٹ کے شونٹر ہائیڈرو پاور پروجیکٹ پر دستخط کیے گئے۔ اس منصوبے پر چھ کروڑ 30 لاکھ ڈالر لاگت آئے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ اس کے علاوہ 22 میگاواٹ کے جاگراں فور ہائیڈرو پاور پروجیکٹ پر بھی دستخط کیے گئے، جس پر چار کروڑ 10 لاکھ ڈالر لاگت آئے گی۔