پشاور زلمی کو باآسانی شکست دے کر ملتان سلطانز مسلسل چوتھی بار پی ایس ایل فائنل میں پہنچ گئی

ملتان سلطانز نے کوالیفائر میں پشاور زلمی کو باآسانی شکست دیتے ہوئے پاکستان سپر لیگ 9 کے فائنل میں جگہ بنالی۔

تفصیلات کے مطابق ملتان کی ٹیم اپنی عمدہ پرفارمنس کے باعث لگاتار چوتھی بار پی ایس ایل کے فائنل میں پہنچ گئی۔ فاتح ٹیم نے147 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں حاصل کرتے ہوئے پشاورزلمی کو 7 وکٹوں سے مات دی۔

فائنل کے لیے کوالیفائر میچ شکست کے بعد پشاور زلمی اب ایلی منیٹر ٹو میں ایلی منیٹر ون کی فاتح ٹیم سے ٹکرائے گی۔

ملتان سلطان کی جانب سے اوپنر یاسرخان 37 گیندوں پر 54 رنز بناکر نمایاں رہے۔ عثمان خان نے 28 گیندوں پر 36 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ افتخار احمد بھی 8 گیندوں میں 22 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

شکست سے دوچار ہونے والی پشاور کی ٹیم کی جانب سے مہران ممتاز، عامرجمال اور سلمان ارشاد نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔

پی ایس ایل 9 کے کوالیفائر میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 147 رنز کا ہدف دے دیا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے اور ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 147 رنز کا ہدف دیا۔

کپتان بابر اعظم 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ٹام کوہلر کیڈ مور 24 رنز بنا کر اسامہ میر کا نشانہ بنے، محمد حارث 22 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

صائم ایوب ایک رن بنا کر ڈیوڈ ولے کو وکٹ دے بیٹھے، حسیب اللہ خان 3 رنز بنا کر چلتے بنے، عامر جمال ایک رن پر عباس آفریدی نے بولڈ کیا۔پال والٹر اور لیوک ووڈ 14، 14 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے کرس جارڈن اور اسامہ میر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، ڈیوڈ ولے، محمد علی اور عباس آفریدی ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

اس سے قبل زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر محمد رضوان الیون کو پہلے بولنگ کی دعوت دی تھی۔پشاور زلمی میں پال والٹر اور  سلمان ارشاد کی واپسی ہوئی ہے۔

ملتان سلطانز نے طیب طاہر کی جگہ خوشدل شاہ کو فائنل الیون کا حصہ بنایا ہے۔

کوالیفائر میچ جیتنے والی ٹیم فائنل میں پہنچ جائے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم ایلیمنیٹر ون کی فاتح ٹیم سے ٹکرائے گی۔

واضح رہے کہ گروپ مرحلے ملتان سلطانز نے 7 اور پشاور زلمی نے 6 میچز میں کامیابی حاصل کی تھی۔