بلا چھن جانے کا ایک اور بڑا نقصان پی ٹی ائی سینٹ الیکشن سے بھی آؤٹ ہو گی

الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایا ہے کہ جن سیاسی جماعتوں کو انتخابی نشانات الاٹ کیے گئے ہیں وہی جماعتیں انتخابی عمل کا حصہ بن سکتی ہیں اور یہی قانون سینیٹ الیکشن میں بھی لاگو ہوتا ہے۔

قانونی پیچیدگی سے بچنے کے لیے تحریک انصاف کے امیدوار آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لے سکیں گے،انتخابات میں سنی اتحاد کونسل کے ارکان اسمبلی تحریک انصاف کے نامزد آزاد امید واروں کو سپورٹ کریں گے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سینیٹ کی 48 نشستوں پر پولنگ 2 اپریل کو ہوگی،سینیٹ انتخابات کے شیڈول کا اعلان 14 مارچ کو ہوگا۔

علاوہ ازیں  الیکشن کمیشن نے 11 مارچ کو مدت مکمل کر کے سبکدوش ہونے والے سینٹ کے اراکین کے انتخاب کیلئے ریٹرننگ افسران کی تقرری کر دی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے  جاری کئے گئے نوٹیفیکیشن کے مطابق وفاق سے ایک جنرل اور ایک ٹیکنوکریٹ اور چاروں صوبوں سے 7,7 جنرل، 2,2 خواتین اور ٹیکنوکریٹ بشمول علماء کی جبکہ پنجاب اور سندھ سے غیر مسلموں کی 2 نشستیں 11 مارچ کو ان ارکان کی جانب سے مدت پوری کرنے کے بعد خالی ہو جائیں گی۔

الیکشن کمیشن نے ان نشستوں پر انتخاب کیلئے ڈائریکٹر جنرل ٹریننگ الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ اسلام آباد سعید گل کو وفاق، صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان کو پنجاب، صوبائی الیکشن کمشنر سندھ شریف اللہ کو سندھ، صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا شمشاد خان کو کے پی اور صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان محمد فرید آفریدی کو بلوچستان کیلئے ریٹرننگ افسر مقرر کیا ہے۔