لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں مردم شماری کرنے والے اساتذہ کے حق میں بڑا فیصلہ سنا دیا

لاہور ہائیکورٹ کا پنجاب بھر کے اساتذہ کے حق میں بڑا فیصلہ،اساتذہ کو مردم شماری کے واجبات ادا نہ کرنے کیخلاف درخواست پرسماعت ۔چیف سیکرٹری کو مردم شماری میں حصہ لینے والے اساتذہ کو واجبات ادا کرنے کا حکم دے دیا ۔

جسٹس عابد حسین چٹھہ نے کاشف شہزاد سمیت دیگراساتذہ کی درخواست پر سماعت کی۔ پنجاب ٹیچرز یونین کی طرف سے میاں داود ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔

وکیل درخواستگزار نے موقف اختیار کیا کہ مردم شماری کو 9 ماہ گزر گئے، اساتذہ کو واجبات ادا نہیں کئے جا رہے، حکومت نےاساتذہ کو 26 ہزار شمار کنندہ اور 52 ہزار سپروائزر کی مد میں ادا کرنا تھے، اساتذہ کو ٹریننگ دینے اور لینے کیساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ الاؤنس بھی دیا جانا تھا۔

پنجاب حکومت کے وکیل نے بتایا کہ وفاقی حکومت واجبات کی مد میں رقم ملک بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو دے چکی ہے، اب پنجاب حکومت نے واجبات دینے ہیں، عدالت نے سرکاری وکیل سے کہا چیف سیکرٹری اساتذہ کے مردم شماری کی بابت واجبات کے مسئلے کو جلد حل کریں، عدالت نے چیف سیکرٹری کو ہدایات جاری کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔